ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل عثمان نگر علاقے میں نیشنل ہائی وے پر انڈر پاس تعمیر کرنے کا مطالبہ

بھٹکل عثمان نگر علاقے میں نیشنل ہائی وے پر انڈر پاس تعمیر کرنے کا مطالبہ

Sat, 14 Nov 2020 20:39:31    S.O. News Service

بھٹکل،14؍نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے شہری علاقے میں نیشنل ہائی وے توسیع  اور تحویل اراضی کا کام آج کل تیز رفتاری سے چل رہا ہے جس کے ساتھ ہی عوام کو درپیش کچھ عملی دشواریاں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

تازہ مسئلہ عثمان نگر میں ہائی وے سے بلال کھنڈ اور ریلوے اسٹیشن کی طرف مڑنے والے روڈ کا ہے جہاں پر تیز رفتار ٹریفک کے دوران سواریوں اور پیدل چلنے والوں کے لئے روڈ کراس کرنا جان پر کھیلنے جیسی بات ہوگئی ہے۔ اس لئے یہاں کے عوام کی طرف سے ڈپٹی کمشنر کے نام ایک میمورنڈم دیا گیا جس میں اس مقام پر انڈر پاس تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ 21  فروری  2019 کو نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا تھا کہ عثمان نگر ریلوے اسٹیشن کراس روڈ پر ایک انڈر پاس تعمیر کی جائے، مگر اس میمورنڈم پر نہ کوئی کاروائی کی گئی بلکہ کوئی جواب بھی نہیں دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے نام دئے گئے میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ یہ ایک بہت ہی اہم سڑک ہے۔ اس سڑک پر روزانہ سیکڑوں موٹر گاڑیوں، اسکول ویانس اور پیدل لوگوں کی چہل پہل رہتی ہے۔شہر کے لوگوں کے لئے ریلوے اسٹیشن جانے کا یہ ایک اہم راستہ ہے ۔ اس کے علاوہ یہاں پر جانوروں کا اسپتال، ہریجن گریجن سماج کی لیامپ سوسائٹی، سرکاری اسکول، مہیلا منڈلی، ہندو شمشان گھاٹ وغیرہ موجود ہیں۔ تقریباً 500 گھروں پر مشتمل 4000 سے زیادہ افراد یہاں پر آباد ہیں۔لہٰذا ان سب مسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے نیشنل ہائی وے سے ریلوے اسٹیشن روڈ پر مڑنے کے لئے سہولت اور حفاظتی نقطہ نظر سے ایک انڈر پاس تعمیر کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

میمورنڈم میں ڈپٹی کمشنر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ افسران کے ساتھ خود جائے وقوع پر پہنچ کر جائزہ لیں اور افسران کو ہدایت دیں کہ وہ یہاں انڈر پاس کی تعمیر کریں۔

اسسٹنٹ کمشنر بھرت نے میمورنڈم کو قبول کیا۔ اس موقع پر ضلع کانگریس اقلیتی شعبہ کے صدر عبدالمجید، میونسپل کونسلر عبد الروف نائطے، مٹھلی گرام پنچایت کے سابق نائب صدر گنپتی نائک دیگر زمہ داران عبدالغنی، ستیش کمار، جلال الدین، سیف اللہ، ابراہیم وغیرہ موجود تھے۔


Share: